ملک بھر میں موسمی تغیرات کی وارننگ، آندھی، طوفان اور بارش کا سلسلہ متوقع

06:26 PM, 24 Jun, 2025

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 25 جون سے یکم جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، طوفان اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، بدین، ٹھٹھہ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں 25 سے 28 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔ جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، مظفرآباد، راولا کوٹ اور باغ میں موسلا دھار بارشوں کے باعث شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع بشمول سوات، بونیر، چترال، پشاور، نوشہرہ، مانسہرہ، کرم اور کوہاٹ میں بھی آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں اسکردو، ہنزہ، دیامر، نگر اور شگر سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے متنبہ کیا ہے کہ طوفانی ہواؤں کے دوران کمزور عمارتیں، درخت، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گاڑیوں کو کھلے مقامات میں پارک نہ کریں، اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ادارے نے تمام متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے اور عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ مزید معلومات کے لیے "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ" ایپ کا استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مزیدخبریں