ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

02:13 PM, 24 Jun, 2025

لاہور : محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج شام سے ملک میں مون سون کی بارشوں کا پہلا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جو تقریباً ایک ہفتہ یعنی 2 جولائی تک جاری رہے گا۔

اس دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔ کچھ مقامات پر ہلکی پھوار ہو گی جبکہ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔

لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور آس پاس کے علاقوں میں 25 سے 29 جون تک بارش ہوگی۔ اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم اور چکوال میں 26 سے 28 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے علاقوں پشاور، مانسہرہ، دیر، شانگلہ، ملاکنڈ اور کوہستان میں بھی اچھی خاصی بارش متوقع ہے، کچھ مقامات پر زیادہ پانی برسنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے کچھ علاقوں جیسے ژوب، کوئٹہ، زیارت اور مستونگ میں بھی بارشیں ہوں گی، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم بھیگنے والا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا خطرہ بھی ہے، اس لیے احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مزیدخبریں