کراچی : ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کی مالی منڈیوں میں بہتری دیکھنے میں آئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری دن کا آغاز شاندار تیزی کے ساتھ ہوا، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔
کراچی سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 4361 پوائنٹس بڑھ کر 1,20,529 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ اس سے پہلے مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی تھی، اور گزشتہ دن کا اختتام 3,855 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1,16,167 پر ہوا تھا۔
کرنسی مارکیٹ میں بھی بہتری آئی، جہاں امریکی ڈالر 27 پیسے سستا ہو کر 283.60 روپے پر آ گیا۔
بین الاقوامی منڈیوں میں بھی جنگ بندی کا مثبت اثر ہوا۔ امریکہ کی سٹاک مارکیٹس میں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 1 فیصد، نیسڈیک 0.9 فیصد اور ڈاؤ جونز 0.89 فیصد بڑھا۔ سرمایہ کاروں نے اس پیشرفت کو معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
اسی طرح ایشیائی مارکیٹس میں بھی تیزی دیکھی گئی۔ ہانگ کانگ، چین، جاپان اور انڈونیشیا کی مارکیٹس سب مثبت زون میں بند ہوئیں۔