بشکیک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے صدر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی صورتحال، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کردار اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایس سی او کے وزرائے خارجہ نے کرغزستان کے صدر سے مشترکہ ملاقات کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کرغز صدر کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
نائب وزیراعظم نے بعد ازاں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔
اسحاق ڈار نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہنے پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔