راجہ بشارت کو راولپنڈی پولیس نے حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا

02:23 PM, 24 Jul, 2025

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کو راولپنڈی پولیس نے مختصر وقت کے لیے حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا۔

راجہ بشارت اپنے وکیل سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے ہمراہ این اے 55 سے متعلق انتخابی درخواست کی سماعت کے لیے الیکشن ٹریبونل میں پیش ہوئے تھے۔ عدالت سے واپسی پر جیسے ہی وہ باہر نکلے، پولیس نے ان کی گاڑی کو روک کر انھیں حراست میں لے لیا اور تھانہ نیوٹاؤن منتقل کر دیا۔

اس موقع پر راجہ بشارت نے کہا کہ وہ تمام مقدمات میں پہلے ہی ضمانت پر ہیں، اور ایسی کارروائیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں۔ ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس کو تمام ضمانتی دستاویزات فوراً فراہم کی گئیں، لیکن اس کے باوجود گرفتاری کی گئی۔

کچھ دیر بعد ضمانت کی تصدیق ہونے پر پولیس نے راجہ بشارت کو رہا کر دیا۔ ان کے وکیل نے اس گرفتاری کو غیر قانونی اور غیر ضروری قرار دیا۔

مزیدخبریں