پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں اور سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا

12:25 PM, 24 Jul, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرات کے پیش نظر فیکٹ شیٹ جاری کی ہے۔

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون کی تیز بارشیں ہوئی ہیں جن میں سرگودھا میں 69 ملی میٹر، نورپور تھل میں 59، منڈی بہاؤالدین میں 50، حافظ آباد میں 44 اور شیخوپورہ میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور، نارووال، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور، راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے اور مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادارے نے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی زیادتی اور سیلاب کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تربیلا اور تونسہ پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 53 فیصد اور تربیلا ڈیم میں 79 فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں کی وجہ سے اب تک پنجاب میں 143 افراد جان سے گئے، 200 سے زائد گھر متاثر ہوئے اور 488 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ چھت گرنے، آسمانی بجلی گرنے اور کرنٹ لگنے کی وجہ سے بھی اموات ہوئیں جبکہ 121 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کنٹرول رومز اور ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے اور صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے، دریاؤں اور نالوں میں نہانے پر پابندی اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام انتظامات مکمل ہیں اور ادارہ شہریوں کی حفاظت کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ہنگامی حالات میں فوری رابطے کے لیے کنٹرول روم اور ہیلپ لائن نمبر 1129 24 گھنٹے فعال ہے۔

مزیدخبریں