انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا

11:05 AM, 24 Jul, 2025

لاہور : لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس میں شاہ محمود قریشی سمیت 6 افراد کو بری کر دیا گیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور دیگر 8 افراد کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت کے مطابق تفتیش سے ثابت ہوا کہ کچھ ملزمان نے ریاستی اداروں کے خلاف لوگوں کو اُکسایا، جس سے ملک میں افراتفری اور نقصان ہوا۔ فوٹیجز، ویڈیوز، اور آڈیو ریکارڈنگز میں ملزمان کی شناخت ہو گئی، جنہیں عدالت نے قابل قبول ثبوت مانا۔ فرانزک رپورٹ کے مطابق ویڈیوز اصل ہیں۔

عدالت نے لکھا کہ شاہ محمود قریشی ان دنوں کراچی میں موجود تھے اور ان کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا، اس لیے انہیں بری کر دیا گیا۔ اسی طرح حمزہ عظیم پاہٹ، رانا تنویر، اعزاز رفیق، افتخار اور ضیاس خان کو بھی ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر بری کیا گیا ہے۔

فیصلے کے مطابق جن افراد کو سزا سنائی گئی ہے، انہیں دفعہ 148 اور 440 کے تحت قید اور جرمانے کی سزائیں دی گئی ہیں، تاہم تمام سزائیں ایک ساتھ چلیں گی اور انہیں پہلے سے گزاری گئی جیل کی مدت بھی شمار کی جائے گی۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر شاہ محمود قریشی کسی اور کیس میں گرفتار نہیں تو انہیں فوراً رہا کیا جائے۔ دوسری طرف کچھ ملزمان کو پیشی پر گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا، جبکہ ایک ملزم خالد قیوم پاہٹ پیش نہ ہونے پر اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔

مزیدخبریں