وزیر اعلیٰ مریم نواز نارکوٹکس فورس اور میری خوشی کے جذبات

09:17 AM, 24 Jul, 2025

نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے اور ان کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے صوبہ پنجاب میں کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس فورس کی پچھلے سال پنجاب حکومت نے منظوری دے کر کام کا آغاز کر دیا تھا۔ اس فورس کے قیام کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ ساتھ ہماری پاک آرمی کو بھی کریڈٹ جاتا ہے جس نے اس کو بنانے میں ہر ممکنہ مدد کی۔ اس فورس کے سربراہ کے طور پر بہادر نڈر اور مختلف محاذوں پر خدمات انجام دینے والے بریگیڈیئر مظہر اقبال کو منتخب کیا گیا جنہوں نے ادارے کا چارج لینے کے بعد باقاعدہ انتظامی کام شروع کر دیا اور دیگر نئے افسران کی تقرریوں کے بعد منظم اور بہتر انداز میں کام کرنے کا عزم کیا۔ پہلے مرحلے میں فورس کے اعلیٰ افسران کو انٹی نارکوٹکس فورس نے ملک میں منشیات کی صورت حال، اداروں کے کردار اور ذمہ داریاں، قانونی تقاضے، منشیات کے نئے رجحانات اور سمگلنگ کی صورتحال پر چند ہفتوں کی تربیت اور ٹریننگ کا اہتمام کیا۔ بعد میں فورس کے دیگر شعبوں کو فعال بنانے کے لیے نئے جوانوں کو بھارتی کرنے کے عمل کا آغاز کیا گیا۔ تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ اس فورس کا افتتاح صوبہ کی وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز نے کیا۔ جس میں صوبائی وزرا، مختلف اداروں کے سیکرٹریوں، ممبران اسمبلی، منشیات کے خلاف کام کرنے والے افراد سمیت جوانوں کے اہل خانہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس فورس کے قیام سے مجھے اس بات کا علم نہیں کہ کوئی خوش ہو نہ ہو لیکن جتنی خوشی مجھے ہوئی اور میرے جذبات ہیں میں بیان نہیں کر سکتا کیونکہ میری 38 سال کی منشیات کے خلاف جدو جہد کو مزید تقویت ملی ہے اور میں نے ذاتی طور نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کیلئے سامنے اور پیچھے رہ کر بہت سا کام کیا۔ وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ صوبہ پنجاب پہلا صوبہ جس نے معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے نئے ادارے کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی بنیاد رکھی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے جوانوں کو دیکھ کر مجھے بے حد مسرت ہوئی۔ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی صورت میں پاکستان اور پنجاب کے نوجوان کا مستقبل محفوظ نظر آ رہا ہے۔ ڈی جی سی این ایف بریگیڈئرمظہر نے نہایت کم عرصے میں ایک بہترین سپیشلائزڈ فورس قائم کر کے دکھائی جس پر انہیں شاباش دیتی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سی این ایف فورس کی باڈی لینگویج سے نظر آتا ہے کہ پنجاب سے منشیات کا جلد خاتمہ ہو جائے گا۔ پاکستان کی آبادی 65 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں منشیات سے بچانا ہے۔ آبادی تب ہی ملک کی طاقت بنتی ہے جب منشیات سے دور ہو کر تعلیم اور صحت پر توجہ دے۔ فورس کے قیام پر میں بہت خوش ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ قلیل مدت میں مضبوط انسداد منشیات فورس کا قیام لائق تحسین ہے۔ فورس کے ذریعے جلد پورے پنجاب سے منشیات کا خاتمہ ہو گا۔ جب میں نے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا تو والدین کی طرف سے درخواستیں آئیں کہ ہمارے بچوں کو منشیات سے بچایا جائے۔ المیہ ہے کہ منشیات ہر گلی، محلے، یوینورسٹیوں اور سکولوں تک بھی پہنچ رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ منشیات کے کنٹرول کے لیے ایک سپیشلائزڈ فورس کا قیام نا گزیر تھا۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس میں بہترین لوگوں کو سو فیصد میرٹ پر سلیکٹ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے تمام ڈویژن میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس فنکشنل ہو چکی ہے اور بہت جلد تمام اضلاع میں سی این ایف فنکشنل ہو جائے گی۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے لیے 12 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 850 جوان و افسران سیلکٹ ہوئے۔ سی این ایف کا حصہ بننے والے تمام افسران اور جوانوں اور انکے والدین کو مبارکباد دیتی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جیسے ہر بیماری کا علاج پینا ڈول سے نہیں ہوتا اسی طرح جرم کا خاتمہ ایک ہی فورس سے نہیں ہو سکتی۔ بڑی آبادی کے مسائل کے حل کے لئے ایک سپیشلائزڈ ڈیپارٹمنٹس کی ضرورت تھی۔ پنجاب میں کوئی بھی مشکل آتی ہے تو کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو کہا جاتا ہے، جس پر وہ تمام کام چھوڑ کر ایک کام کی طرف ہو جاتے ہیں۔ مہنگائی، ذخیرہ اندوزی، تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف پیرا جیسا ادارہ قائم کیا ہے۔ پیرا نے لاہور ڈویژن کے اندر کام شروع کر دیا ہے۔ پنجاب میں ہر مسئلے کے خاتمے کے لیے سپیشلائزڈ فورسز قائم کر رہے ہیں۔ پنجاب پولیس میں ایک سپیشلائزڈ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے چند ہفتوں میں کرائم پر کنٹرول کیا ہے۔ سی سی ڈی کی وجہ سے کریمنل معافیاں مانگ رہے اور مساجد میں اعلانات کر رہے ہیں۔ سی سی ڈی کی بدولت پورے پنجاب میں کرائم کی شرح نیچے جا رہی ہے۔ بعض اضلاع میں روزمرہ ہونے والے کرائم بہت کم ہو گئے ہیں۔ بڑی آبادی میں جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے سپیشلائزڈ ڈیپارٹمنٹ کی اشد ضرورت تھی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس گلی محلے اور شہروں کو منشیات پاک کریں گے۔ کسی خاندان میں ایک بھی منشیات کا عادی جوان پورے خاندان کے لیے مشکلات کا باعث بنتا ہے۔ پُرامید ہوں کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پوری ایمانداری سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے جوان گلی، محلوں، ڈسٹرکٹ، شہر اور پورے صوبے سے منشیات کے زہر کو نکال باہر پھنکیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے جوانوں کو لالچ اور کمزوری نہ د کھانے کی ہدایت بھی کی۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے آنے والے نسلوں کو بچانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پُرامید اور دعاگو ہوں کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس اپنے ملک اور پنجاب کا فخر بنے گی۔ اب پنجاب میں مسائل پر مصلحت نہیں ہو گی بلکہ حل ہو گا، سی این ایف کے کندھوں پر نسل کو بچانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہے۔ اس عمل کو یقینی بنانے اور بھرپور معاونت فراہم کرنے میں مسعود مختار سیکرٹری ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس اور ان کے دیگر افسران کا اگر ذکر نہ کروں تو بات مکمل نہیں ہو گی۔

مزیدخبریں