دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 فارمیٹ کی تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور ٹی 20 بیٹرز کی فہرست میں سرفہرست ہیں، جبکہ بھارت کے نوجوان اوپنر یشوی جیسوال نے ایک درجہ ترقی پا کر نویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ نے بھی چار درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے دسویں نمبر پر جگہ بنالی۔
دوسری جانب، پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ محمد رضوان بھی ایک درجہ نیچے ہو کر 14ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کے اوپنر تنزید حسن نے شاندار بہتری کے ساتھ 18 درجے ترقی پا کر 37ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔
بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور سرفہرست ہیں۔ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے 17 درجے بہتری کے بعد نویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ بھارت کے ارشدیپ سنگھ بھی ایک درجہ اوپر آ کر دسویں نمبر پر پہنچ گئے۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور نمبر ون آل راؤنڈر کے طور پر موجود ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز نے 7 درجے بہتری کے ساتھ دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔
ماہرین کے مطابق بابر اعظم اور رضوان کی رینکنگ میں تنزلی ان کی حالیہ کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے۔ تاہم اگلے مہینوں میں جاری انٹرنیشنل میچز میں بہتر پرفارمنس کے ذریعے وہ دوبارہ ٹاپ پوزیشنز حاصل کر سکتے ہیں۔