کراچی:پاک بحریہ نے گوادر سے تقریباً 1500 کلومیٹر دور کھلے سمندر میں ایک اہم بین الاقوامی ریسکیو آپریشن کامیابی سے انجام دیا۔ یہ کارروائی سری لنکن میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کی درخواست پر کی گئی۔
اطلاع موصول ہوتے ہی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون اور پی این ایس تبوک فوری طور پر امدادی کارروائی کے لیے روانہ ہوئے۔ جہازوں نے انڈونیشیا کے پرچم بردار جہاز MV Grey Palm سے بیمار سری لنکن عملے کے اہلکار کو ریسکیو کر کے پی این ایس تبوک پر منتقل کیا اور فوری طبی امداد فراہم کی۔
پاک بحریہ کے اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور مربوط میری ٹائم پروٹوکولز کے تحت ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔ سری لنکن حکام اور اہلکاروں کے اہلِ خانہ نے بروقت اقدام اور تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
پاک بحریہ نے اس کارروائی کے ذریعے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کے لیے قومیت سے بالاتر ہو کر اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتی ہے۔