مری: مری میں 31 گھنٹے تک جاری رہنے والے برفانی طوفان کے بعد زندگی دوبارہ معمول پر آ گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری، ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ طوفان کے دوران بعض مقامات پر برف کی مقدار پانچ فٹ تک پہنچ گئی تھی، مگر ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مری کی تمام بند شاہراہیں کھول دی گئی ہیں، اور اب سیاح اور مقامی افراد بغیر کسی پریشانی کے سفر کر سکتے ہیں۔ سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ چکی ہے اور وہ خوشگوار موسم کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ڈاکٹر رضا تنویر نے بتایا کہ پنجاب پولیس اور مری پولیس سیاحوں کی حفاظت اور خدمت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور شاہراہوں پر اہلکار موجود ہیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔
انہوں نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ وہ بلا خوف و خطر مری آئیں، موسم کا لطف اٹھائیں اور تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔ مری کی انتظامیہ اور پولیس کی بروقت کارروائی کی بدولت حالات پرسکون اور محفوظ بنائے گئے ہیں۔