کراچی :عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گل پلازہ جیسے المناک سانحات کے بعد ہونے والی تحقیقات محض روایتی کارروائی بن کر رہ جاتی ہیں، جبکہ متاثرہ ورثا کی داد رسی کے لیے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔
کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے بعد اصل سوال یہ ہونا چاہیے کہ آئندہ اس طرح کے سانحات کو کیسے روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک حفاظتی اقدامات اور انتظامی اصلاحات نہیں کی جاتیں، ایسے واقعات بار بار ہوتے رہیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے مطالبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تجاویز کا کوئی واضح جواز نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیا صوبہ بنانے یا کراچی کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے لیے آئینی ترمیم ناگزیر ہے، جس کے بغیر ایسی باتیں محض سیاسی بحث تک محدود رہتی ہیں۔