کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر: صدر زرداری کا پارہ ہائی، وزیراعلیٰ اور میئر کراچی کی سخت سرزنش

08:56 PM, 24 Feb, 2026

اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کراچی کی ابتر صورتحال اور سست رفتار ترقیاتی منصوبوں پر سندھ حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کے خلاف سخت ترین موقف اختیار کر لیا۔ صدر کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس کی "اندرونی کہانی" نے سندھ کے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور میئر مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "اسلام آباد میں انڈر پاس تین ماہ میں بن کر تیار ہو جاتا ہے، لیکن کراچی میں سال بھر بھی کام مکمل نہیں ہوتا۔" انہوں نے استفسار کیا کہ آخر کراچی کے عوام کے ساتھ یہ سوتیلا سلوک کب تک چلے گا؟۔
اجلاس کے دوران صدر مملکت نے غیر معمولی طور پر وفاقی وزیر محسن نقوی کی کارکردگی کی مثال دی اور صوبائی و شہری حکومت کو ہدایت کی کہ   اگر آپ کو کام کرنا نہیں آتا تو محسن نقوی سے مشورہ کر لیں کہ وہ کس طرح ریکارڈ مدت میں منصوبے مکمل کرتے ہیں۔
صدر زرداری نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں حکم دیا کہ  کراچی کی سڑکیں اسلام آباد اور لاہور کی طرح صاف اور ہموار ہونی چاہئیں۔  وزیراعلیٰ اور میئر کراچی کو اپنی کارکردگی ثابت کرنے کے لیے صرف تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔تین ماہ بعد کام نظر نہ آیا تو سخت بازپرس ہو گی۔
صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ کراچی ملک کا معاشی انجن ہے اور اس کی سڑکوں اور ڈھانچے کی تباہ حالی اب مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے میئر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر سے نکل کر زمین پر کام ہوتے ہوئے دکھائیں۔

مزیدخبریں