پاکستان اور قطر کے درمیان دفاعی و اقتصادی تعلقات کے نئے دور کا آغاز: وزیراعظم کی اہم ملاقاتیں

05:16 PM, 24 Feb, 2026

دوحہ : وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ قطر کے دوران دونوں ممالک نے دفاعی اور تجارتی شعبوں میں تزویراتی (Strategic) شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دوحہ میں ہونے والی ان اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں علاقائی امن اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔قطری وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دفاعی شعبے میں قطر کی گہری دلچسپی سے آگاہ کیا۔
 ملاقات میں ایران اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کی کمی اور امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔وزیراعظم نے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید سے بھی ملاقات کی، جو پاک-قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے سربراہ ہیں۔ ملاقات میں پاکستان سے قطر کو زرعی مصنوعات، خوراک اور ویلیو ایڈڈ اشیاء کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعظم نے قطر کو پاکستان میں سرمایہ کاری دوست ماحول اور 'خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل' (SIFC) کے ذریعے فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔
دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ایک خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس بلایا جائے گا تاکہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کی ٹھوس تجاویز کو حتمی شکل دی جا سکے۔"پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون اور نجی شعبے کے روابط کو مضبوط بنانا دونوں ممالک کی اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں