سڈنی : الیکسا نام کی ایک خاتون نے شاپکنز کھلونوں کی 2656 منفرد اشیاء جمع کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ الیکسا کا کہنا ہے کہ ان کو شاپکنز کھلونوں کا شوق سات سال کی عمر میں اُس وقت ہوا جب ان کے سکول کے ایک دوست نے یہ رنگ برنگے کھلونے دکھائے، اور پھر یہی شوق بتدریج ایک جنون بن گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے شاپکنز خریدنا جاری رکھا، اور اب ان کے پاس 2656 منفرد کھلونے ہیں۔ اگر کل تعداد کی بات کی جائے تو ان کے پاس 4000 سے زیادہ کھلونے ہیں۔
الیکسا نے منفرد اشیاء کے اس بڑے کلیکشن کے ساتھ شاپکنز کھلونوں کے سب سے بڑے کلیکشن کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ برطانیہ کی ریانا کونرز کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں 2271 کھلونے جمع کر کے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔