واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے معاہدے پر بات چیت نہ کی تو اس کے لیے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر ایک بیان میں کہا کہ ایران پر حملہ نہ کرنے کے حوالے سے جنرل ڈینیئل سے منسوب خبریں جھوٹی ہیں اور ایرانی عوام عظیم ہیں، جنہیں کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران سے جنگ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں غلط ہیں۔اس کے علاوہ، امریکی حکام نے بتایا کہ امریکی نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکوف جمعرات کو ایرانی وفد سے ملاقات کریں گے۔
امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ایران کے بیلسٹک میزائلوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس طویل اور مختصر فاصلے تک مار کرنے والے کئی میزائل ہیں، جو امریکی فوجی اڈوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے لیے عوامی مدد حاصل کرنا مشکل ہے، اور موجودہ ایرانی نظام خطے میں استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہے۔