امریکہ میں شدید برفانی طوفان، 11 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ

12:59 PM, 24 Feb, 2026

نیویارک : امریکا کی کئی ریاستوں میں شدید برفباری اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، بعض علاقوں میں 22 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

نیویارک، فلاڈیلفیا، نیوجرسی، پنسلوانیا، رہوڈ آئی لینڈ، کنیکٹی کٹ، میساچوسٹس اور دیگر ریاستوں میں موسمی وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ نیویارک اور نیوجرسی میں سفری پابندیاں لگا دی گئی ہیں اور شہریوں کو گھروں تک محدود ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تقریباً 40 ملین افراد موسمی خطرات سے متاثر ہیں۔

سفری نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، 11 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور کئی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ جے ایف کے اور نیوارک ایئرپورٹس پر آپریشن بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔

نیویارک میں 9 برس بعد بلیزرڈ وارننگ نافذ کی گئی ہے اور 1960 کی دہائی کے بعد اتنی شدید برفباری کا سامنا کیا گیا ہے۔ متعدد شہروں میں اسکول بند ہیں اور آن لائن کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سرکاری دفاتر بھی بند کر دیے گئے ہیں اور ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تیز ہواؤں اور برفباری کی وجہ سے 5 لاکھ سے زیادہ صارفین کی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی محدود ہو گئی ہے۔ موسمی ماہرین نے مزید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

مزیدخبریں