" اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں"،اسحاق ڈار کا افغان حکومت سے مطالبہ

09:36 PM, 24 Feb, 2025

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان عبوری حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ کسی بھی ملک کی سرزمین دہشت گردی کے مقاصد کے لیے استعمال کرنا عالمی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے ٹی آر ٹی کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستان کی افغانستان میں امن کے قیام کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن و استحکام کی حمایت کرتا آیا ہے اور افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینا دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے انتہائی اہم ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، اور دونوں ممالک کی قیادت نے حالیہ ملاقاتوں میں ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے پاکستان دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے۔

انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے دیرینہ مسائل پر بھی گفتگو کی، اور کہا کہ ان مسائل کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود ہے، لیکن ان پر عملدرآمد اب تک نہیں ہو سکا۔ اسحاق ڈار نے غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو ناقابل قبول قرار دیا اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں