مریم نواز کا نوجوانوں کو "ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے" کا پیغام

08:29 PM, 24 Feb, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں "آسان کاروبار پروگرام" کے آغاز کے موقع پر نوجوانوں کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست سے خود کو دور رکھیں۔ اس پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی تقسیم کے حوالے سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ معاشی ترقی اور مسائل کا حل صرف مثبت طریقوں سے ممکن ہے، اور جلاؤ گھیراؤ کسی مسئلے کا حل نہیں۔

انہوں نے اس پروگرام کے تحت 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے دینے کا اعلان کیا، جن کی واپسی 3 سال میں آسان اقساط کے ذریعے ہوگی۔ مریم نواز نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے لیے درخواستوں کی تعداد بہت زیادہ آئی ہے، جن میں 1 لاکھ 85 ہزار درخواستیں 10 لاکھ کے قرضے کے لیے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ملکی معاشی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آ چکا ہے اور مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران بے ترتیبی اور بے حسی کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں عالمی سرمایہ کار پاکستان سے نکل گئے۔

مزیدخبریں