اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ "چیٹ جی پی ٹی" میں ایک نیا فیچر "ڈیپ ریسرچ" متعارف کرادیا

08:06 PM, 24 Feb, 2025

کیلیفورنیا: اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ "چیٹ جی پی ٹی" میں ایک نیا فیچر "ڈیپ ریسرچ" متعارف کرایا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے اب چیٹ جی پی ٹی سیکڑوں ویب سائٹس اور آن لائن ذرائع کا تجزیہ کرکے تحقیقی رپورٹس تیار کرے گا۔ صارفین اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے فائلز جیسے پی ڈی ایف وغیرہ اپ لوڈ کر کے اپنے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔

چیٹ جی پی ٹی کی تیار کردہ تجزیاتی رپورٹس 5 سے 30 منٹ کے اندر فراہم کی جائیں گی، اور ان رپورٹس کے ماخذ سائیڈ پینل میں ظاہر ہوں گے۔ اوپن اے آئی کا دعویٰ ہے کہ اس اے آئی چیٹ بوٹ کی مدد سے وہ کام چند منٹوں میں مکمل کیا جائے گا جو انسانوں کو کئی گھنٹوں میں مکمل کرنا پڑتا ہے۔

اوپن اے آئی کے چیف ریسرچ آفیسر مارک چن نے کہا کہ کمپنی کا مقصد ایسا ماڈل تیار کرنا ہے جو خود بخود نئی معلومات حاصل کر سکے۔ تاہم، کمپنی نے صارفین کو آگاہ کیا کہ "ڈیپ ریسرچ" فیچر کے ذریعے فراہم کی جانے والی معلومات میں کبھی کبھار غلط معلومات کا امکان ہو سکتا ہے، اس لیے صارفین کو احتیاط سے نتائج کا جائزہ لینا ضروری ہوگا۔

"ڈیپ ریسرچ" فیچر تک رسائی صرف ان صارفین کو فراہم کی جائے گی جو 200 ڈالر ماہانہ فیس ادا کریں گے، مگر اوپن اے آئی نے وعدہ کیا ہے کہ مستقبل میں اس فیچر کی کارکردگی اور درستگی میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

مزیدخبریں