کراچی: پاک بحریہ نے "سی گارڈ 25" نامی میری ٹائم سکیورٹی مشق کا آغاز کیا، جس کا مقصد پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت اور مختلف قومی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانا ہے۔
مشق کی افتتاحی تقریب میں کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل امین نے شرکت کی، اور انہوں نے مشق کے مقاصد کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس مشق میں مختلف اداروں جیسے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز، میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی، کراچی پورٹ ٹرسٹ، اور فشریز کے نمائندگان حصہ لے رہے ہیں۔
سی گارڈ 25 کا مقصد مختلف محکموں اور این جی اوز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ وہ سمندری سیکیورٹی کے چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کریں۔ اس مشق میں موجودہ سیکیورٹی طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے سمندر میں مختلف مشقیں کی جائیں گی اور اس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
کمانڈر فیصل امین نے اس موقع پر تمام شریک اداروں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔