اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں وی پی این سروس فراہم کنندگان کے لیے کلاس لائسنس جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد وی پی این سروسز کی قانونی فراہمی، ڈیٹا سیکیورٹی اور پرائیویسی کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق، دو کمپنیوں کی درخواستوں کو وی پی این سروسز کے لیے کلاس لائسنس کے اجرا کے لیے منظور کر لیا گیا ہے۔ یہ قدم کاروباری اداروں کو قانونی طریقے سے وی پی این سروسز فراہم کرنے کی سہولت دے گا، جس سے پرائیویسی اور سیکیورٹی کے حوالے سے قوانین کی پیروی ممکن ہو سکے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پی ٹی اے اس بات پر پُرعزم ہے کہ وہ اداروں کو معیاری کنیکٹیویٹی کی سہولت فراہم کرے گا۔ کلاس لائسنس کے لیے درخواستیں پی ٹی اے کے ای سروسز پورٹل پر آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ، 7 دسمبر 2024 کو پی ٹی اے نے فری لانسرز کے لیے وی پی این رجسٹریشن کی سہولت متعارف کروائی تھی، جس کے ذریعے وہ موبائل نمبر کے ذریعے اپنے وی پی این کو رجسٹر کروا سکتے ہیں اور اسٹیٹک آئی پی کی ضرورت کے بغیر اپنے موبائل ڈیٹا پر وی پی این استعمال کر سکتے ہیں۔