منیلا: فلپائن کے ایک گنجان آباد علاقے نے ڈینگی کی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکنے کے لیے مچھروں کے شکار پر انعام دینے کا منفرد فیصلہ کیا ہے۔
برانگے ایڈیشن ہلز کے چیف کارلیٹو سرنال نے بتایا کہ ہر پانچ مچھروں کے بدلے ایک پیسو (تقریباً 2 امریکی سینٹ) انعام دیا جائے گا۔ اس اسکیم کا مقصد مقامی سطح پر مچھروں کی تعداد کو کم کرنا اور ڈینگی جیسے مہلک مرض کی روک تھام کرنا ہے۔
زندہ مچھروں کو الٹرا وائلٹ لائٹ کے ذریعے ہلاک کیا جائے گا تاکہ صحت کے ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔
اب تک 21 افراد نے 700 سے زائد مچھروں اور لاروا کے ساتھ انعام حاصل کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم مقامی کمیونٹی کی صحت کو محفوظ بنانے اور ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری ہے، اور وہ اس کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس اعلان پر مختلف طنزیہ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ ایک صارف نے کہا، "اب مچھروں کی فارمنگ شروع ہو جائے گی!"، جبکہ دوسرے نے سوال کیا، "کیا ایک پر والا مچھر بھی قابل قبول ہوگا؟"
فلپائن کے محکمہ صحت نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی حکومت کے ڈینگی کے خلاف اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اور عوام سے درخواست کی کہ اس مہم میں بھرپور تعاون کر کے ڈینگی کے کیسز کو کم کرنے میں مدد کریں۔