اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے، جو قومی مفاد میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں پی آئی اے کی نجکاری کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں، تاہم اس بار نجکاری کے تمام مراحل انتہائی محنت، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس پورے عمل کو ذمہ داری کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔
شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیا سرمایہ کار قومی ایئرلائن کی ماضی کی شاندار روایات کو بحال کرے گا اور پی آئی اے ایک بار پھر ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامزن ہوگی۔
وزیراعظم نے بولی جیتنے والے سرمایہ کار کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں سید عاصم منیر کی بے پناہ کاوشیں اور خلوص شامل ہیں، جبکہ وزیر دفاع اور نجکاری کے عمل میں شامل ٹیم نے بھی قابلِ تعریف کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اور حکومت کی مشترکہ خواہش ہے کہ پی آئی اے دوبارہ بلندیوں پر پرواز کرے اور ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کرے۔