پی ایس ایل میں توسیع کا اگلا مرحلہ، دو نئی ٹیموں کے لیے 12 عالمی سرمایہ کار میدان میں آ گئے

08:43 PM, 24 Dec, 2025

لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں توسیع کے عمل کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے، جہاں دو نئی ٹیموں کی فروخت کے لیے دنیا بھر سے 12 پارٹیوں نے باضابطہ طور پر بڈز جمع کرا دی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق یہ بڈرز دنیا کے پانچ براعظموں سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور پاکستان شامل ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سامنے آنے والی یہ دلچسپی پی ایس ایل کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور مضبوط برانڈ ویلیو کی عکاس ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بڈنگ کے ابتدائی مرحلے کے نتائج کا اعلان 27 دسمبر کو کیا جائے گا۔ اس کے بعد ٹیکنیکی معیار پر پورا اترنے والی پارٹیوں کو اوپن کمپیٹیشن بڈنگ میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا، جہاں دو نئی فرنچائزز کی ملکیت دی جائے گی۔

اوپن بڈنگ کا یہ مرحلہ 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بڈنگ کا پورا عمل شفاف، مسابقتی اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا، تاکہ پاکستان سپر لیگ کی مزید ترقی اور توسیع کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں