کورکمانڈرز کانفرنس: دہشت گردی کے خلاف عزم اور قومی سلامتی پر زور

06:35 PM, 24 Dec, 2025

راولپنڈی :چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی، دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور پاک فوج کی قربانیوں کا جائزہ لیا گیا۔ فورم نے شہداء اور معصوم شہریوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
 چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل  نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو سراہا۔ ان کاکہنا تھا کہ  حکومت اور عوام کی حمایت کے باعث پاکستان استحکام، ترقی اور عزت کی جانب بڑھ رہا ہے۔

شرکاء نے بھارتی سرپرستی میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کیا۔ فورم نے قومی یکجہتی اور مسلح افواج و عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہ دینے پر زور دیا۔

کانفرنس میں بلوچستان حکومت کے ترقیاتی اقدامات کو سراہا گیا اور دیگر علاقوں میں بھی عوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فورم نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور فلسطین کے حق میں پاکستان کے موقف کی بھی توثیق کی۔

اختتام پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، تربیت اور میدان جنگ میں مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور پاک فوج کی قومی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں