اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے پی آئی اے کی 135 ارب روپے میں فروخت کو ملکی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نجکاری کے ذریعے حکومت نہ صرف سرکاری اداروں کے بڑے مالی خسارے سے نجات پائے گی، بلکہ ملک کی معیشت کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
ایکس پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں خواجہ آصف نے نجکاری کمیشن کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیاب معاہدہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اچھا اشارہ ہے۔ انہوں نے سول ایوی ایشن کے محنتی کردار کو سراہا، خاص طور پر یورپ اور برطانیہ کی طرف سے پی آئی اے پر عائد کی گئی پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے، جسے انہوں نے اس کامیابی کی اہم وجہ قرار دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ "ماضی میں پی آئی اے کی بولی صرف 10 ارب روپے تھی، لیکن آج اس کی قیمت 135 ارب روپے تک پہنچنا ہماری سول ایوی ایشن پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔" خواجہ آصف نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پی آئی اے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، مگر اب تین سال کی محنت کے بعد پی ٹی آئی کے چھوڑے ہوئے کھنڈروں پر ایک نئی عمارت تعمیر ہو رہی ہے۔