سندھ ای سپورٹس چیمپئن شپ 2026 کا آغاز، ایک ہزار سے زائد ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی

08:12 PM, 24 Aug, 2026

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کو ای اسپورٹس کے میدان میں مواقع فراہم کرنے کے لیے دوسری بڑی سندھ ای سپورٹس چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں کھیلوں، تعلیم، ٹیکنالوجی اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا اہم حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے نوجوانوں میں کھیلوں کے حوالے سے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب پلیٹ فارم اور مواقع فراہم کیے جائیں۔

سید ناصر حسین شاہ کے مطابق سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ 2026 میں صوبے بھر سے ایک ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی، جو نوجوانوں کی ای سپورٹس میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا مظہر ہے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ ای سپورٹس جدید دور میں نوجوانوں کے لیے کھیل کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا بھی ذریعہ بن رہی ہے۔ سندھ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ کے ذریعے صوبے کا باصلاحیت نوجوان طبقہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرے گا اور مستقبل میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر سندھ کا نام روشن کرے گا۔

مزیدخبریں