واشنگٹن: امریکا میں موجود تین سکھ تنظیموں نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے 25 اگست کو متوقع دورۂ امریکا کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو خط لکھ دیا۔
بھارتی جریدے دی وائر کے مطابق خط میں امریکی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ موہن بھاگوت کو امریکا آنے سے روکا جائے اور مذہبی اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والی تنظیموں کے رہنماؤں کو سفارتی مراعات فراہم نہ کی جائیں۔
سکھ تنظیموں نے اپنے خط میں آر ایس ایس اور اس سے منسلک تنظیموں پر اقلیتوں کے خلاف تشدد اور مبینہ ظلم کا طویل ریکارڈ رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔
خط میں امریکی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے تحفظ کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے رہنماؤں کے دوروں کے حوالے سے واضح مؤقف اختیار کیا جائے۔