کراچی: قومی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں انوسیبلز اور سٹارز نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی۔ انوسیبلز نے سٹرائکرز کو 54 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی جبکہ سٹارز نے کانکرز کو 78 رنز سے ہرا کر دو میچز کے بعد فتح اپنے نام کی۔
این بی پی سپورٹس کمپلیکس میں انوسیبلز نے ٹاس کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 30 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ الزوحہ حماد نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 9 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مناہل پرویز نے 24 جبکہ ماہا عباس نے 12 رنز بنائے اور دونوں بیٹرز ناٹ آؤٹ رہیں۔ جواب میں سٹرائکرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مشکلات سے دوچار رہی اور 22.5 اوورز میں 71 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ عریشہ انصاری 23 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹر رہیں۔
انوسیبلز کی جانب سے ماہا عباس نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 4 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ الزوحہ حماد نے بغیر کوئی رن دیے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ سٹرائکرز کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔
دوسری جانب اوول گراؤنڈ، نیشنل سٹیڈیم میں سٹارز نے پہلے کھیلتے ہوئے 29.3 اوورز میں 139 رنز سکور کیے۔ اقصیٰ نے 48 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے میں نمایاں حصہ ڈالا، جبکہ قمروش 15 اور مہک عارف 12 رنز بنا سکیں۔
کانکرز کی بولنگ میں نرجس بی بی سب سے کامیاب رہیں، جنہوں نے 20 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تاہم کانکرز کی بیٹنگ ہدف کے تعاقب میں مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں صرف 61 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
نسرین اشرف 11 رنز کے ساتھ کانکرز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر رہیں، جبکہ 10 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں۔ سٹارز کی جانب سے سویرا رمضان نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ افشیں نے صرف ایک رن کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
کانکرز کی یہ تین میچوں میں دوسری شکست ہے۔ دونوں مقابلے شہر میں ہونے والی بوندا باندی کے باعث معمول سے کچھ دیر بعد شروع کیے گئے۔