لاہور: پنجاب بھر میں موسمِ گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری و نجی اسکول آج دوبارہ کھل گئے، جس کے ساتھ ہی تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
طویل تعطیلات کے بعد طلبہ و طالبات خوشی اور جوش کے ساتھ اپنے اسکولوں میں پہنچے، جبکہ اساتذہ نے بچوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ کئی تعلیمی اداروں میں طلبہ میں چاکلیٹس بھی تقسیم کی گئیں۔
اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کے بعد کلاس رومز میں تدریسی سرگرمیاں بحال ہوگئیں اور تعلیمی اداروں میں معمول کی رونقیں واپس آگئیں۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکول واپس آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نئی توانائی کے ساتھ تعلیمی سفر کا دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق پنجاب بھر کے اسکولوں کے اوقاتِ کار صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ اداروں کو سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اپنا شیڈول ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ جن بچوں کی تعلیم میں کسی وجہ سے تعطل آیا، اساتذہ ان کے تعلیمی تسلسل کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ آؤٹ آف اسکول بچوں کی تعداد میں اضافے کو روکنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچے کو اسکول تک لانا مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ مستقبل میں تعلیمی نقصانات سے بچنے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کرنے پر مشاورت جاری ہے۔