نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈارکی بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات

07:03 PM, 24 Aug, 2025

ڈھاکہ: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ایک اہم ملاقات کی۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، اس ملاقات میں پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات کی بحالی، نوجوانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پروفیسر محمد یونس کو نیک خواہشات بھی پیش کیں۔

اس موقع پر خطے کی موجودہ صورتحال اور علاقائی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ اسحاق ڈار نے بنگلادیشی حکومت کی جانب سے دی گئی شاندار میزبانی پر اظہارِ تشکر کیا۔

اسحاق ڈار کی بنگلادیش کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت ہو رہی ہے۔

نائب وزیراعظم نے ڈھاکہ میں بنگلادیش کے مشیر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین سے بھی تفصیلی مذاکرات کیے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق، دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر غور و خوض کیا، جن میں اعلیٰ سطحی رابطے، تجارتی اور اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیمی اور مہارت کی ترقی، اور انسانی ہمدردی کے مسائل شامل تھے۔

یہ دورہ اس اعتبار سے بھی تاریخی اہمیت رکھتا ہے کہ یہ 13 سال بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا بنگلادیش کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جو بنگلادیشی حکومت کی دعوت پر انجام دیا گیا ہے۔
 
 

مزیدخبریں