قومی استحکام اور پاک چین دوستی کی چٹان، پاکستانی فوج: چینی وزیر خارجہ

05:56 PM, 24 Aug, 2025

اسلام آباد/بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوستی اور تعاون کے عزم کو دہراتے ہوئے تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق کیا۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی فوج ملکی استحکام کی مضبوط بنیاد ہے اور پاک چین دوستی کی حفاظت میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

وانگ ای نے کہا کہ پاکستانی فوج نے دونوں ملکوں کی قیادت کے مابین طے پانے والے اہم معاہدوں پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کیا ہے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئی جان آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاک چین تعلقات کو فروغ دینا خطے کے امن اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ چین ہمیشہ اپنی پڑوسی ملک پاکستان کو سفارتی معاملات میں اولین ترجیح دیتا ہے اور حالیہ چیلنجز کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات مزید پختہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا اور پاکستان کے بین الاقوامی کردار کو سراہتا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کو پاکستان کا “آہنی دوست” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہر خوشی اور غم میں کھڑے رہ کر ایک بے مثال دوستی قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مستحکم ہے اور پورے پاکستانی معاشرے کی خواہش ہے کہ یہ تعلقات اسی طرح فروغ پاتے رہیں۔ انہوں نے چین کی قیادت کا پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستانی فوج دہشت گردی کے خاتمے اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ منصوبوں اور تعاون کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔

یہ ملاقات پاک چین تعلقات کی گہرائی اور خطے میں امن و خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں کی واضح علامت ہے۔

مزیدخبریں