پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان نئے دور کا آغاز، 6 اہم معاہدوں پر دستخط

03:02 PM, 24 Aug, 2025

ڈھاکا : پاکستان اور بنگلادیش نے دوطرفہ تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے 6 اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ یہ تقریب ڈھاکا میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بنگلادیش کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین شریک ہوئے۔

ان معاہدوں میں سب سے اہم معاہدہ سفارتکاروں اور سرکاری اہلکاروں کے لیے ویزا ختم کرنے کا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سطح پر روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

دیگر معاہدوں میں پالیسی اداروں، میڈیا، تجارت، سفارتی تربیت اور تحقیق و تعلیم کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ خاص طور پر اسلام آباد اور ڈھاکا کے اسٹریٹجک اسٹڈیز اداروں کے درمیان مفاہمت، اور سرکاری خبر رساں اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا معاہدہ نمایاں ہے۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اہم ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں اقتصادی تعاون، علاقائی صورتحال، سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا مسلمانوں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بنگلادیش کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ ہے، اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

یہ دورہ اس لحاظ سے بھی تاریخی ہے کہ 13 سال بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ نے بنگلادیش کا دورہ کیا ہے۔ آخری بار 2012 میں حنا ربانی کھر نے ڈھاکا کا مختصر دورہ کیا تھا۔

مزیدخبریں