لاہور: پنجاب میں اب اسکولوں کے بچے یا عملہ سرکاری افسران کے دوروں پر نہ گلدستے دیں گے اور نہ ہی تحائف۔ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن نے تمام اضلاع کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ ایسی روایات بند کی جائیں۔
یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب مختلف دوروں کے دوران یہ دیکھا گیا کہ اسکولوں میں مہمان افسران کو خوش کرنے کے لیے گلدستے، تحائف اور مہمان نوازی پر اسکولوں کا پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری ایجوکیشن نے اس بات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیسے طلبہ کی بہتری، تعلیم اور سہولیات پر خرچ ہونے چاہئیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کو سادگی اپنانی چاہیے اور غیر ضروری نمائشی کلچر کی روک تھام ہونی چاہیے۔ اب نہ پھول دیے جائیں گے، نہ تحفے، اور نہ ہی کسی قسم کی مہمان نوازی میں پیسہ ضائع کیا جائے گا۔سیکرٹری ایجوکیشن نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ ان احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔