ملک بھر میں شدید بارشوں کا الرٹ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ

09:45 AM, 24 Aug, 2025

اسلام آباد:ملک بھر میں موسم ایک بار پھر سخت ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 30 اگست تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد جیسے پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقے اربن فلڈنگ کی زد میں آ سکتے ہیں۔

انتظامیہ نے عوام اور سیاحوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔

ادھر پنجاب میں دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے، جس سے درجنوں دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔ پانی کی سطح 21 فٹ سے اوپر جا چکی ہے اور قصور کی ہزاروں ایکڑ زرعی زمین بھی متاثر ہوئی ہے۔ 30 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

ہیڈ سلیمانکی پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ گڈو بیراج پر بھی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متحرک ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لیکن صورتحال اب بھی خطرناک ہے۔

مزیدخبریں