ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 10 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

09:22 AM, 24 Aug, 2025

اسلام آباد : پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں نے شدید تباہی پھیلائی۔ کئی علاقوں میں مکانات گرنے، درخت اکھڑنے اور نالے اُبلنے کے باعث 10 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی شہروں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید آندھی اور بارش سے چھتیں گر گئیں، بجلی کے کھمبے اور درخت گرنے سے شہر بھر میں اندھیرا چھا گیا۔ مردان میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ ہری پور میں بارش کے باعث ڈیم کا پانی زیادہ ہونے پر سپیل ویز کھولنے پڑے۔

آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے سے چار گھروں کو نقصان پہنچا اور ایک مسجد شہید ہو گئی۔ بعض علاقوں میں سڑکیں بند ہو گئیں اور مقامی آبادی مشکلات کا شکار ہے۔

لاہور کے گلبرگ، جیل روڈ، شاد باغ اور دیگر علاقوں میں تیز بارش سے پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔ گوجرانوالہ، جہلم، حافظ آباد اور چشتیاں میں بارش کے ساتھ آندھی نے کھمبے گرا دیے، کئی فیڈرز بند ہونے سے بجلی غائب ہو گئی۔

جڑواں شہروں میں نالے بھر گئے، بہارہ کہو میں پانی نے چوک ڈبو دیا، راول ڈیم کے سپیل ویز کھول دیے گئے۔ کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مری میں مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہو گئیں، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔ کوہالہ روڈ اور پتریاٹہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدورفت معطل ہو گئی۔ گلگت میں دریا کے پانی کی سطح بڑھنے پر دریا کنارے ہوٹلز بند کر دیے گئے اور قریبی اسکول پیر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں اور دریا کنارے جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے اور ریسکیو ٹیمیں الرٹ کر دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں