بین الاقوامی سیاست کے پیچیدہ اور کثیرالجہتی منظرنامے میں کسی بھی ملک کی سفارتی کامیابی محض اتفاق نہیں ہوتی بلکہ یہ مسلسل محنت، دور اندیشی، اور قیادت کی بصیرت کا نتیجہ ہوتی ہے۔ حالیہ عرصے میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں واضح کمی اور جنگ بندی میں توسیع کے تناظر میں پاکستان کا کردار عالمی سطح پر نمایاں ہوا ہے۔ اگرچہ ابھی تک کوئی باضابطہ امن معاہدہ تو سامنے نہیں آیا لیکن یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ پاکستان نے پسِ پردہ نہایت مو¿ثر سفارتی کردار ادا کیا ہے۔ اس پیشرفت نے نہ صرف پاکستان کی عالمی ساکھ کو تقویت دی ہے بلکہ اسے ایک ذمہ دار اور مو¿ثر ثالث کے طور پر بھی اجاگر کیا ہے۔ یہ حقیقت اپنی جگہ اہم ہے کہ عالمی طاقتوں کے فیصلے محض ایک ملک یا شخصیت کے زیر اثر نہیں ہوتے تاہم یہ بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ بعض اوقات مخصوص قیادت اور انکی حکمت عملی ایسے مواقع پیدا کر دیتی ہے جہاں انکا اثر نمایاں ہو جاتا ہے۔ یہی صورتحال اس وقت دیکھنے میں آ رہی ہے جہاں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو ایک ایسے فریق کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو نہ صرف بات چیت کا ماحول پیدا کر سکتا ہے بلکہ اس میں پیشرفت بھی ممکن بنا سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی حکمت عملی اس حوالے سے خاصی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے حالیہ مہینوں میں مختلف علاقائی اور عالمی رہنماو¿ں کے ساتھ روابط کو فروغ دیا، جس کا مقصد نہ صرف پاکستان کے مفادات کا تحفظ تھا بلکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات بھی تھے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے ایک متوازن خارجہ پالیسی اختیار کرنے کی کوشش کی جس میں مشرق وسطیٰ، امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات کو بیک وقت آگے بڑھایا گیا۔ شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی یہی عملی سوچ اور تیز رفتار سفارت کاری پاکستان کو ایک فعال کھلاڑی کے طور پر سامنے لاتی ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کردار بھی اس تناظر میں نہایت اہم ہے۔ ان کی سفارتی مہارت اور مالیاتی پس منظر نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو ایک نیا زاویہ دیا ہے۔ انہوں نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مو¿قف نہایت مو¿ثر انداز میں پیش کیا اور اقتصادی سفارت کاری کو فروغ دیا، جو آج کے دور میں کسی بھی ملک کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کی کوششوں سے نہ صرف پاکستان کے عالمی تعلقات میں بہتری آئی بلکہ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے دروازے بھی کھلے۔ اس تمام منظرنامے میں سب سے نمایاں کردار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور ان کی سٹریٹیجک بصیرت کا نظر آتا ہے۔ ان کی سوچ اور وژن نے پاکستان کو ایک ایسے مقام پر لا کھڑا کیا ہے جہاں اسے عالمی سطح پر سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ عسکری قیادت کا یہ پہلو کہ وہ محض سکیورٹی تک محدود نہ رہے بلکہ سفارتی محاذ پر بھی فعال کردار ادا کرے، ایک نئی جہت کی نشاندہی کرتا ہے۔ عاصم منیر کی حکمت عملی میں توازن، تحمل اور دور اندیشی واضح طور پر جھلکتی ہے، جس نے پاکستان کو ایک مثبت اور ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کرنے میں مدد دی ہے۔
عالمی سطح پر یہ تاثر بھی ابھر کر سامنے آیا ہے کہ پاکستان کا اثر و رسوخ بعض اہم عالمی فیصلوں پر محسوس کیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے یہ تاثر کہ وہ پاکستان کی قیادت کے مشوروں کو اہمیت دے رہے ہیں، ایک غیر معمولی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان کو اس وقت ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو پیچیدہ عالمی تنازعات میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس تناظر میں بھارت کے لیے یہ صورتحال انتہائی حیران کن ہے۔ خطے میں روایتی حریف ہونے کے ناتے بھارت ہمیشہ خود کو ایک بڑی علاقائی طاقت کے طور پر پیش کرتا رہا ہے، تاہم حالیہ پیش رفت نے پاکستان کی پوزیشن کو نسبتاً مضبوط دکھایا ہے۔ خاص طور پر پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے تو یہ صورتحال بھارت کے لیے ایک سفارتی چیلنج بن چکی ہے۔یہ بھی حقیقت ہے کہ عالمی سیاست میں مستقل برتری کسی ایک ملک کے پاس نہیں رہتی۔ پاکستان کے لیے یہ ایک موقع ہے کہ وہ اپنی اس سفارتی کامیابی کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ داخلی استحکام، اقتصادی مضبوطی اور خارجہ پالیسی میں تسلسل کو یقینی بنایا جائے۔ محض وقتی کامیابیاں اس وقت تک فائدہ مند نہیں ہوتیں جب تک انہیں ایک جامع حکمت عملی کے تحت آگے نہ بڑھایا جائے۔
پاکستان کو یہ بھی مدنظر رکھنا ہوگا کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھنا ایک نازک عمل ہے۔ امریکہ، چین، مشرق وسطیٰ اور دیگر علاقائی قوتوں کے ساتھ بیک وقت تعلقات کو مضبوط رکھنا ایک چیلنج ضرور ہے، لیکن یہی پاکستان کی اصل طاقت بھی بن سکتا ہے اگر اسے درست حکمت عملی کے تحت استعمال کیا جائے۔پاکستان اس وقت ایک اہم سفارتی موڑ پر کھڑا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت، اسحاق ڈار کی سفارتی مہارت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سٹرٹیجک بصیرت نے مل کر ایک ایسا ماحول پیدا کیا ہے جس میں پاکستان کو عالمی سطح پر سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ تاہم اس کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ حقیقت پسندی، توازن، اور مستقل مزاجی کو ترجیح دی جائے۔ پاکستان اپنی موجودہ رفتار کو برقرار رکھتا ہے اور داخلی و خارجی چیلنجز کا دانشمندی سے مقابلہ کرتا ہے تو وہ نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مو¿ثر اور باوقار کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کو ایک مستحکم، بااثر اور قابلِ احترام ریاست کے طور پر آگے لے جا سکتا ہے۔
پاکستان کی ابھرتی سفارت کاری
09:12 AM, 24 Apr, 2026