پی ایس ایل 10: پشاور زلمی کی شاندار فتح، لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست

11:43 PM, 24 Apr, 2025

لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس میچ میں زلمی کے کپتان بابر اعظم اور حسین طلعت نے نصف سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

قلندرز کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور ان کے اہم بلے باز فخر زمان (10)، سیم بلنگز (9)، آصف علی (5)، ڈیرل مچل (2) اور عبداللّٰہ شفیق (0) ابتدائی اوورز میں ہی پویلین لوٹ گئے۔

مشکل وقت میں سکندر رضا نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 52 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ ان کی اننگز نے قلندرز کو 129 کے قابلِ دفاع مجموعے تک پہنچانے میں مدد دی۔

پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ بابر اعظم 56 اور حسین طلعت 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جنہوں نے زبردست شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔

 

بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ وہ حالات کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے اور پاور پلے میں فائدہ اٹھانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ ایک زبردست مقابلہ متوقع ہے اور ٹیم کو ہمیشہ کی طرح شائقین کی بھرپور سپورٹ درکار ہے۔

مزیدخبریں