بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے لیے خطرناک ہے: خواجہ سعد رفیق

02:32 PM, 24 Apr, 2025

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے بھارت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو چھیڑ کر خطے کے امن سے کھیل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے اور اس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ کوئی بھی ملک اکیلا کوئی فیصلہ نہیں کر سکتا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف کئی سالوں سے لڑ رہا ہے اور اس جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ لیکن افسوس ہے کہ بھارت ہر دہشتگردی کے واقعے کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر ڈال دیتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی کھل کر مذمت کی، لیکن جب پاکستان میں جعفر ایکسپریس کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تو بھارت کی طرف سے کوئی مذمتی بیان تک نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو بڑا ملک کہتا ہے تو پھر اسے بڑا دل بھی دکھانا چاہیے۔ خطے میں امن اسی وقت ممکن ہے جب بھارت الزام تراشی کے بجائے عقل سے کام لے۔ انہوں نے بھارتی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہوش کے ناخن لیں کیونکہ ایسے رویے عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے مسئلہ کشمیر پر بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ 77 سال سے بھارتی ظلم سہہ رہے ہیں، اور بھارت مسلسل وہاں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے۔ مسئلہ کشمیر صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے پاکستانیوں کو 7 دن میں ملک چھوڑنے کے فیصلے کو بھی غیر انسانی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے پاکستانی علاج کے لیے بھارت جاتے ہیں، انہیں یوں زبردستی نکالنا نہ صرف زیادتی ہے بلکہ انسانیت کے خلاف ہے۔

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کبھی بھارت میں مداخلت کا حامی نہیں رہا، اور اگر بھارت کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو وہ دنیا کے سامنے لائے۔ 

مزیدخبریں