اسلام آباد : بھارت نے کسی بھی تحقیق کے بغیر پاکستان کا سرکاری "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ اپنے ملک میں بلاک کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اقدام مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آئے واقعے کے بعد اٹھایا گیا، جہاں فائرنگ سے 27 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بھارت نے اس واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف کئی سخت اقدامات کیے، جن میں واہگہ-اٹاری سرحد کی بندش، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی، پاکستانی ویزوں کی منسوخی اور بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم شامل ہے۔ ان اقدامات کے جواب میں پاکستان نے فوری طور پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے، جہاں اہم فیصلے متوقع ہیں۔