سابق آسٹریلوی کرکٹر کیتھ اسٹیک پول 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

10:13 AM, 24 Apr, 2025

 کینبرا  : آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر کیتھ اسٹیک پول اب ہم میں نہیں رہے۔ وہ 84 سال کے تھے اور ایک عرصے تک آسٹریلوی کرکٹ کا اہم حصہ رہے۔ کیتھ نہ صرف ایک بہترین اوپننگ بلے باز تھے، بلکہ وہ ان خوش نصیب کھلاڑیوں میں سے بھی تھے جنہوں نے دنیا کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں شرکت کی۔

کیتھ اسٹیک پول نے 1966 سے 1974 کے دوران آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 43 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں انہوں نے 2807 رنز بنائے، اور 7 بار سنچری کا سنگِ میل عبور کیا۔ ان کی سب سے یادگار اننگز 1970-71 کی ایشیز سیریز میں گابا میں انگلینڈ کے خلاف 207 رنز تھی، جو آج بھی کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

1971 میں میلبورن میں ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں انہوں نے لیگ اسپن بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ مجموعی طور پر انہوں نے 6 ون ڈے میچز کھیلے اور 224 رنز بنائے۔ کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کیتھ نے کرکٹ سے رشتہ نہیں توڑا، ریڈیو اور ٹی وی پر کمنٹری کرتے ہوئے وہ ہمیشہ کرکٹ کے میدان میں موجود رہے۔

کیتھ کے انتقال پر کرکٹ آسٹریلیا نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین مائیک بیئرڈ نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "کیتھ کی خدمات کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔"

مزیدخبریں