ملتان : پاکستان سپر لیگ 10 کے تیرہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ میچ ملتان میں کھیلا گیا جہاں ملتان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ عثمان خان نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ رضوان نے 36 اور یاسر خان نے 29 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی طرف سے شاداب خان، محمد نواز اور جیسن ہولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ سب سے نمایاں بیٹنگ آیندریس گوس کی رہی جنہوں نے صرف 45 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کے ساتھ کولن منرو نے 45، صاحبزادہ فرحان نے 22 اور محمد نواز نے 21 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 169 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں ہی پورا کرلیا اور یہ جیت اپنے نام کرلی ۔