ایران امریکا میں جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششیں جاری، وزیراعظم

09:34 PM, 23 Sep, 2026

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہا ہے، ہم نے امید نہیں چھوڑی اور امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

 اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ڈیکلریشن آن رائٹ ٹو ڈویلپمنٹ کی 40ویں سالگرہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ خطے میں امن قائم ہو۔

 صحافی کے سوال پر کہ کیا ایران اور امریکا کے درمیان ملاقات کا کوئی امکان ہے، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کوشش کر رہا ہے کہ دونوں فریق دوبارہ ملیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد معاہدے پر صدر ٹرمپ، ایران اور پاکستان نے دستخط کیے تھے۔

 حقِ ترقی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ہر فرد کو بہتر مستقبل کی تلاش کا حق حاصل ہے۔ 40 سال قبل حقِ ترقی کے اعلامیے نے ترقی کو عوام کا ناقابلِ تنسیخ حق قرار دیا تھا۔

 شہباز شریف نے کہا کہ ترقی کا مقصد صرف دولت پیدا کرنا نہیں بلکہ سماجی ترقی اور انسانی وقار کو فروغ دینا ہونا چاہیے۔ ترقی پذیر دنیا میں قرضوں کی ادائیگی مالی گنجائش کو محدود کر رہی ہے۔

 وزیراعظم نے مزید کہا کہ موسمیاتی آفات برسوں کی محنت سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کا خاتمہ کر رہی ہیں، اس لیے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے لیے پیشگی اور فعال حکمت عملی ناگزیر ہے۔

مزیدخبریں