ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے کیش لیس ادائیگیوں اور جدید انفراسٹرکچر پر توجہ ضروری ہے، وزیر خزانہ

08:44 PM, 23 Sep, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل تبدیلی معاشی استحکام سے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب سفر میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے، اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور کیش لیس ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینا ہوگا۔

ڈی سی او کے اعلیٰ سطحی وزارتی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فری لانسرز کو اعلیٰ مہارت کی حامل ڈیجیٹل خدمات کی طرف منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ ڈیجیٹل شعبے سے حاصل ہونے والی معاشی قدر میں اضافہ کیا جاسکے۔

وزیر خزانہ کے مطابق ورچوئل اثاثہ جات کو صرف کرپٹو کرنسی تک محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔ پاکستان میں ورچوئل اثاثہ جات کے لیے قانون سازی، نگرانی اور لائسنسنگ کے نظام پر کام جاری ہے۔

محمد اورنگزیب نے کم لاگت ترسیلاتِ زر کے فروغ کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ سرکاری قرض اور رئیل اسٹیٹ کی ٹوکنائزیشن سمیت ڈیجیٹل مالیاتی شعبے میں نئے امکانات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ڈی سی او کے رکن ممالک کے درمیان تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

مزیدخبریں