جاپان : پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ میں بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی اور برانز میڈل اپنے نام کرلیا۔
نشین میں کھیلے گئے برانز میڈل کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز سکور کیے۔
پاکستان کی اننگز میں کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45 رنز بنائے۔ گل فیروزہ نے 31 جبکہ عالیہ ریاض نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلادیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور ریتو مونی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سنجیدہ اختر ایک پاکستانی بلے باز کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہیں۔
146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 114 رنز ہی بنا سکی۔ شرمین اختر نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں، جبکہ نگار سلطانہ نے 25 رنز سکور کیے۔
پاکستان کی بولنگ میں ام ہانی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فاطمہ ثنا، نشرہ سندھو، عائشہ ظفر اور تسمیہ رباب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلادیش کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان کے ایشین گیمز میں برانز میڈلز کی تعداد دو ہوگئی ہے۔ اس سے قبل عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں پاکستان کے لیے برانز میڈل حاصل کیا تھا۔