افغانستان اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے: اسحاق ڈار

09:37 AM, 23 Sep, 2026

 نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افغان طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کیلئے ٹھوس اور قابلِ تصدیق اقدامات کریں۔

 نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر افغانستان سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قربانیاں دے رہا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں حالیہ دہشت گرد حملہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خطے میں دہشت گردی کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

 نائب وزیراعظم نے افغان طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی ختم، اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری اور افغانستان میں سیاسی شمولیت پر مبنی نظام حکمرانی کو فروغ دیں۔

 اسحاق ڈار نے خواتین اور بچیوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے، افغان واپس آنے والوں کی بحالی و انضمام کیلئے اقدامات اور افغانستان کی انسانی و معاشی ضروریات پوری کرنے کیلئے عالمی معاونت میں اضافے پر بھی زور دیا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم، خوشحال اور پرامن افغانستان کا خواہاں ہے جو اپنے عوام اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہے۔

مزیدخبریں