سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا جنرل اسمبلی اجلاس میں پرامن دنیا کے لیے زور دار پیغام

استثنیٰ کی پالیسیوں سے امن کے ستون کمزور، عالمی قوانین کی پاسداری ناگزیر

06:32 PM, 23 Sep, 2025

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی بات چیت کے لیے ایک منفرد فورم فراہم کرتا ہے۔ تاہم، عالمی استثنیٰ کی پالیسیوں کی وجہ سے امن کے ستون کمزور ہو رہے ہیں جس کا دنیا پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔

گوتریس نے کہا کہ اگر ہم مؤثر کثیرالجہتی اداروں کو مضبوط نہیں کریں گے تو دنیا افراتفری اور انتشار کا شکار ہو جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں افراتفری یا امن کے درمیان انتخاب کرنا ہوگا۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عالمی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ امن ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگیں بدستور پھیل رہی ہیں اور خاص طور پر یوکرین میں انسانیت کے خلاف جرائم جاری ہیں۔

غزہ میں جاری صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے فوری جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں قحط اور نسل کشی کے ذریعے انسانی حقوق کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

مزید برآں، سیکرٹری جنرل نے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا اور انسانی حقوق کے محافظوں اور صحافیوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

مزیدخبریں