سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کا انتقال ہوگیا

02:20 PM, 23 Sep, 2025

ریاض :  سعودی عرب کے مفتی اعظم، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ، کا منگل کی صبح انتقال ہوگیا ہے۔ رائل کورٹ نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے سعودی پریس ایجنسی کے ذریعے اعلان کیا۔

مفتی اعظم کی نماز جنازہ آج نماز عصر کے بعد ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔ ان کا شمار سعودی عرب اور عالمی مسلم دنیا کے بڑے علما میں ہوتا تھا، جنہوں نے دین اسلام کی تبلیغ اور خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔

شیخ عبدالعزیز نہ صرف سینئر علماء کی کونسل کے صدر رہے بلکہ انہوں نے حج کے دوران خطبہ دینے جیسے اہم دینی فرائض بھی سر انجام دیے۔ ان کی علمی اور دینی خدمات کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے سراہا اور ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

خادم الحرمین شریفین کی ہدایت پر مفتی اعظم کی غائبانہ نماز جنازہ ملک بھر کی مساجد، بشمول مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بھی نماز عصر کے بعد ادا کی جائے گی۔مفتی اعظم کی وفات سے نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری مسلم دنیا ایک عظیم عالم سے محروم ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں