نیویارک: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر شام کے صدر احمد الشارع سے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان شام کے عوام کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے اور دونوں ممالک کے دوستانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس کے علاوہ، انہوں نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے بھی ملاقات کی، جہاں باہمی تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر بھی واضح کیا کہ وہ ان تمام ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں جو اب تک فلسطین کو تسلیم نہیں کرتے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 1988 میں فلسطین کے آزادی کے اعلان کے فوراً بعد اسے تسلیم کر کے اس کا حق تسلیم کیا تھا۔ فلسطین کی خودمختاری اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی عوام کا جائز حق ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا خطے میں امن کے قیام کی طرف ایک اہم اور مثبت قدم ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، پرتگال اور فرانس نے بھی فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کیا ہے، جسے عالمی سطح پر خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔